اساتذہ قابل احترام‘ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے: سی ای او
ملتان ( نمائندہ نوائے وقت) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان رئیس احمد نے سکولز سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب ایگزامنیشن کمیشن کے تحت جماعت پنجم اور ہشتم کے امتحانات کے سلسلے میں زیادہ سے زیادہ طلباوطالبات کے داخلے بھجوائے جائیں۔ اس کے لئے سخت محنت کی جائے ۔ گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول گلگشت کالونی میں ضلع ملتان کے تمام 48سکولز کلسٹر ہیڈ انچارجز کی میٹنگ میں خطاب کے دوران انہو ںنے کہا کہ اساتذہ قابل احترام ہیں ۔ سیکرٹری تعلیم سکولز پنجاب ڈاکٹر اللہ بخش اساتذہ کی خدمات کی بے حد قدر کرتے ہیں۔اساتذہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری محمد ریاض خان نے کہا کہ پنجم اور ہشتم میں داخلوں کی تعداد حوصلہ افزا ہے ۔میٹنگ میں پنجاب ایگزامنیشن کمیشن کے تحت جماعت پنجم اور ہشتم کے سالانہ امتحانات کے سلسلے میں بھجوائے گئے داخلوں کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ’’ پیک ‘‘کے تحت جماعت پنجم اور ہشتم کے امتحان کے لئے 60فیصد سے زائد داخلے بھجوا دئیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ داخلے بھجوانے کی آخری تاریخ30نومبر ہے اور پنجم اور ہشتم کے داخلے گزشتہ سال کی نسبت 10فیصد زائد بھجوانے کا حکم دیا گیا ہے ۔