پاکستان سے کرکٹ سیریز بھارتی بورڈ نے حکومت سے رجوع کرلیا

24 نومبر 2017

نئی دہلی (آن لائن) بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے سیریز کیلئے حکومتی دروازے پر دستک دیدی۔ بی سی سی آئی آفیشل کا کہنا ہے کہ پڑوسی ملک سے کھیلنے کیلئے اصل اجازت وزیراعظم کے آفس سے درکار ہوگی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی خصوصی جنرل میٹنگ 9 دسمبر کوہونا ہے جس میں نئے فیوچر ٹور پروگرام پر بات چیت ہوگی‘ یہ ایف ٹی پی آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے لیگ کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ حال ہی میں بی سی سی آئی کے سیکرٹری امیتابھ چوہدری نے کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایسا پروگرام ترتیب دینے پر غور ہو رہا ہے جس میں ٹیسٹ اور ون ڈے لیگ دونوں میں ہی پاکستان سے کھیلنا نہ پڑے‘ انہوں نے یہ مثال بھی دی تھی کہ کسی بھی عالمی چیمپئن شپ میں اگر 20 ٹیمیں شریک ہوں تو یہ ضروری نہیں ہوتا کہ سب ہی ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے بہرحال یہ بات بھی تسلیم کی تھی کہ پاکستان اور بھارت کے باہمی مقابلے نہ ہونے سے عالمی کرکٹ پر اثر پڑتا اور اس بات کو بھی مدنظر رکھنا ہو گا۔