قائداعظم فٹبال ، سوئی سدرن گیس کی آسان فتح
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے ایم سی اسٹیڈیم میں جاری آل پاکستان نیا ناظم آباد قائداعظم فٹ بال ٹورنامنٹ میں سوئی سدرن گیس نے کمزور حریف سندھ پولیس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 5-1 گول سے شکست دیدی۔ ٹورنامنٹ کے ساتویں میچ میں تجربہ کار سوئی سدرن گیس نے حریف ٹیم کو کسی بھی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ غیر متوقع طور پر سندھ پولیس نے میچ کے آغاز میں ہی ایک گول کر کے برتری حاصل کر لی یہ گول تیسرے منٹ پر پولیس کے واحد نے بنایا اور یہ گول سندھ پولیس کا واحد گول ثابت ہوا۔ بعدازاں سوئی سدرن گیس کی ٹیم پورے میچ میں فیلڈ پر چھائی رہی سوئی سدرن گیس کی جانب سے محمد لال نے مقابلہ برابر کیا۔ ہاف ٹائم تک اسکور ایک ایک رہا۔ دوسرے ہاف میں سوئی سدرن گیس کی جانب سے انٹرنیشنل جدید خان نے یکے بعد دیگرے 2 گول اسکور کر کے مقابلہ 3-1 کر دیا۔ اختتامی لمحات میں سعید احمد اور محمد لال نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو 5-1 گول کے بڑے مارجن سے فتح دلا دی۔ آج جمعہ کی شام بھی ایک میچ کھیلا جائے گا۔