نئی ذمہ داریوں کو بھی بہترین انداز میں نبھانے کی کوشش کرونگا

24 نومبر 2017

لاہور(نمائندہ اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے پرسنل ا سٹاف افسر عماد حمید کا کہنا ہے کہ نئی ذمہ داریوں کو بھی بہترین انداز میں نبھانے کی کوشش کرونگا۔ میڈیا اور مارکیٹنگ کے شعبوں میں جو کام میرے ذمے لگایا گیا تھا اسے مکمل ایمانداری اور جوش وجذبے کے ساتھ کیا ہے۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جو ٹاسک دیا جاتا ہے اس پر پوری توجہ سے کام کرتا ہوں۔ جب تک کوئی بھی بات چیت حتمی شکل اختیار نہ کر لے اس وقت تک اسے روک کر رکھا جاتا ہے یہی پاکستان کرکٹ کے وسیع مفاد میں ہے۔مختلف منصوبوں پر کام کر کے شائقین کے لیے نئی چیزیں متعارف کروائی ہیں۔ دیگر بورڈز کے ساتھ روابط کو بہتر بنانے کے لیے اور سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کے لیے معمول سے ہٹ کر چیزوں کو پیش کیا ہے۔ ہر کسی کو اپنے خیالات کے اظہار کا حق حاصل ہے میری کوشش ہے کہ ہر کام اسکی ضرورت کے مطابق کروں۔ بورڈ چیئرمین کا وڑن یہی ہے کہ میڈیا کے ساتھ تعلقات کو بہتر بناتے ہوئے معلومات کا بہتر انداز میں تبادلہ کیا جائے۔