ڈینگی مرض پھیلانے پر کباڑ خانے کے مالک کیخلاف مقدمہ درج

24 نومبر 2017

چکوال(نامہ نگار) ڈینگی جیسے موذی مرض کو پھیلانے والے کباڑ خانے کے مالک کیخلاف سٹی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ انسپکٹر ماحولیات نذیر احمد نے پولیس کو درخواست دی کہ عوام الناس کو ڈینگی جیسے مرض سے بچانے کیلئے علی احمد ولد اسلم ساکن عثمان آباد جس نے کباڑ خانہ بنایا ہوا تھا کو ہدایت کی گئی کہ وہ گندہ پانی جو کباڑ خانے میں موجود ہے اس کو ختم کرے کیونکہ اس سے ڈینگی پھیلنے کا خطرہ ہے۔ دکاندار نے پانی ختم نہ کیا جس پر اے ایس آئی محمد حسین بندیال نے مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کردی ہے ایک اور کاروائی میںٹریفک پولیس نے غفلت اور تیز رفتاری سے ٹریلر چلانے والے ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹریلر تھانے میں بند کردیا۔ سب انسپکٹر طارق محمود ٹریفک سٹاف نے استغاثہ دیا کہ ٹریلر نمبرTLC 577 جو کہ لوڈ تھا اور اس کو ڈرائیور ابو بکر ولد سیف الرحمن ساکن کوٹ شمس نہایت تیز رفتاری، غفلت لاپرواہی سے چلاتے ہوئے آیا اور الائیڈ پارک کے قریب اس نے اپنی اور عوام الناس کی جان کو خطرے میں ڈالا۔ اے ایس آئی شاہد بلال نے گرفتار ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کر کے اسے جوڈیشل حوالات بھیجوا دیا اور ٹریلر تھانہ سٹی چکوال میں پابند کر دیا گیا جبکہ قصبہ سردھی تھانہ کلر کہار کے علاقے میں غیر قانونی اڑیال کا شکار کرنے والے پانچ شکاریوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔