خوشحال بلوچستان پروگرام شروع‘ فوج وفاق اور صوبے کو تعاون فراہم کرے گی: آرمی چیف
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ ‘ آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر کوئٹہ کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور وزیراعلیٰ بلوچستان کو خوشحال بلوچستان پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔ پروگرام سے صوبے میں اقتصادی، معاشی اور سلامتی کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ بریفنگ کے موقع پر صوبائی انتظامیہ اور اعلیٰ عسکری حکام شریک تھے۔ خوشحال بلوچستان کے پروگرام کی تفصیلات جلد شیئرکی جائیں۔ آرمی چیف نے کہا خوشحال بلوچستان دراصل خوشحال پاکستان ہے۔ آرمی وفاق اور صوبے کو خوشحال بلوچستان پروگرام میں تعاون فراہم کرے گی۔ آن لائن کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت سدرن کمانڈ ہیڈکواٹر کوئٹہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کا مقصد بلوچستان میں معاشی ترقی اور سکیورٹی کے ذریعے استحکام لانا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر کوئٹہ میں خوشحال بلوچستان کے نام سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں خطے اور مجموعی طور پر بلوچستان کی سکیورٹی اور ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں خوشحال بلوچستان پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ پروگرام کا مقصد بلوچستان میں معاشی اور سماجی استحکام لانا اور سکیورٹی صورتحال کو مستحکم بناناہے۔