چیئرمین نیب نے وفاقی محکموں میں بلوچستان کے مبینہ جعلی ڈومیسائل پر بھرتیوں کی رپورٹ طلب کر لی

24 نومبر 2017

اسلام آباد (این این آئی) قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے بلوچستان کے کوٹہ پر مبینہ طورپر وفاقی حکومت کے مختلف محکموں میں بلوچستان کے مبینہ طورپر جعلی ڈومیسائل پر بھرتیوں سے متعلق رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے بلوچستان کے ڈومیسائل پر بھرتی ہونے والے افسران ٗ اہلکاروں کی رپورٹ طلب کی ہے تاکہ جعلی ڈومیسائل کے اجراء کے بارے میں مزید تحقیقات کی جاسکیں جو ذمہ داری کا تعین کر نے کیلئے ضروری ہے۔ ایک بیان کے مطابق چیئر مین نیب نے آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کے تحت وفاقی حکومت کے مختلف محکموں میں بھرتی ہونے والے افسران ٗ اہلکاروں کی رپورٹ بھی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے طلب کرتے ہوئے کہاکہ آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کے تحت کتنی اسامیوں کی وفاق اور صوبہ بلوچستان سے بھرتی کی منظوری دی گئی۔ کتنے افراد وفاق اورصوبہ بلوچستان میں تعینات کئے گئے اور کتنی اسامیاں ابھی تک خالی ہیں اور خالی اسامیوں پر آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کے تحت اب تک بھرتیاں کیوں نہیں کی گئیں۔