حافظ سعید رہا‘ آج نماز جمعہ پڑھائیں گے
لاہور( خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی نظربندی ختم کر تے ہوئے انہیں رہا کر دیا گیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے ریویو بورڈ کے فیصلہ پر عملدرآمد کرتے ہوئے جیل عملہ کے افسران کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جوہر ٹائون میں انکی رہائشگاہ پہنچے جہاں رات 12 بجکر 3 منٹ پر حافظ محمد سعید سے کاغذات پر دستخط کرائے گئے۔ یوں آج سے وہ آزاد ہوں گے اور تقریباً 10 ماہ کی نظربندی ختم ہونے کے بعد توقع ہے وہ آج نماز جمعہ پڑھائیں گے۔ حافظ محمد سعید کو 30 جنوری کو نظربند کیا گیا تھا۔ رات گئے انکی رہائشگاہ سے جیل عملہ واپس چلا گیا ۔رہائی کے بعد اپنے پیغام میں حافظ محمد سعید نے کہا سب سے پہلے ہم اپنے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے رہائی دی۔ ہائیکورٹ میں 3 ججوں نے فیصلہ کیا، مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میرے ذمہ کوئی ایسا اقدام ثابت نہیں ہوا جو میرے لئے، میرے ملک کیلئے کسی بھی قسم کا نقصان دہ ہو۔ الحمدللہ ہم سرخرو ہوئے۔ میں اللہ کے فضل و کرم سے کشمیر کیس لڑ رہا ہوں اور انشاء اللہ ہمیں یہ لڑنا ہے۔ یہ 10 ماہ کی نظربندی اس وقت ہوئی جس ہم نے 2017ء کو کشمیر کے نام کیا تھا اور 5 فروری اور پورے ہفتے کیلئے بڑے پروگرام کا اعلان کیا تھا تو اس پر مجھے گرفتار کر لیا گیا۔ اگرچہ اس سال کے صرف چند یوم باقی بچے ہیں لیکن ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور اگلا سال اس سے بھی زیادہ بھرپور انداز میں کشمیر کے نام کر کے تحریک کو آگے بڑھائیں گے۔