پنجاب اسمبلی: فوج پر تنقید سے مورال کم ہوتا ہے‘ محمود الرشید‘ ارکان کا شہدا کو خراج تحسین
لاہور (خصوصی رپورٹر‘خصوصی نامہ نگار‘سپورٹس رپورٹر‘کلچرل رپورٹر) قائد حزب اختلاف پنجاب محمودالرشید نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر کہا کہ میجر اسحاق شہید قوم کے بہادر سپوت ہیں۔ انہوں نے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے جان قربان کر دی۔ ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائیگی۔ فوج پر تنقید اور الزامات لگانے سے فوج کا مورال کم ہوتا ہے ایسے کام نہ کئے جائیں جن سے فوج کی عزت اور وقار کم ہو۔ رانا محمد ارشد نے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں آپریشن ضرب عضب کا آغاز ہوا۔ اب آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ یہ ایوان کیپٹن جنید اور میجر اسحاق جیسے شہیدوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ رکن پنجاب اسمبلی فرزانہ نذیر نے کہا کہ ہمارے فوجی جوان شہید ہوتے ہیں یا غازی‘ قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ قبل ازیں میجر اسحاق شہید اور سرحد پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ بعدازاں پارلیمانی سیکرٹری میاں نوید علی نے رکن اسمبلی محمد ارشد ملک کی طرف سے ضلع ساہیوال محکمہ محنت کے ورکرز کی میرج اور ڈیتھ گرانٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرج گرانٹ کی رقم ایک لاکھ اور ڈیڑھ گرانٹ کی رقم 5 لاکھ روپے دی جا رہی ہے جبکہ پہلے میرج گرانٹ کی رقم 70 ہزار روپے تھی۔ پیپلز پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی فائزہ احمد ملک کے اس سوال کہ ’’بنک آف پنجاب کے صدر کیلئے کیا میرٹ ہے، اب جو صدر ہیں ان کا کیا نام ہے اور ان کی تنخواہ کتنی ہے‘‘ پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابر حسین نے کہا کہ اس پوسٹ پر جو مطلوبہ کوالیفکیشن چاہئے اس پر موجودہ صدر پورا اترتے ہیں ان کا نام نعیم الدین شیخ ہے جس پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے ان کی اصلاح کی کہ وہ شیخ نہیں ہیں نعیم الدین ہیں۔ رانا بابر نے مزید کہا کہ صدر بنک آف پنجاب کی تنخواہ 56 لاکھ ماہانہ ہے۔ مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ نے شہید میجر محمد اسحاق شہید کی جرات و بہادری کو سلام پیش کرنے کی قرارداد، ڈاکٹر سید وسیم اختر نے پنجاب کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے ہسپتالوں میں بچوں کے برن سنٹرکے قیام کے حوالے سے تحریک التواء پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی۔ نبیلہ حاکم علی نے بہاولنگر میں 12سالہ طالبہ کی پھندہ لگی نعش کیخلاف اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس، سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی۔ اس سے قبل ایوان میں اس وقت قہقہے لگنا شروع ہو گئے جب رکن اسمبلی ملک ارشد کی جانب سے 5 مئی کو مزدوروں کا عالمی دن قرار دیا گیا تاہم سیپکر اور دیگر ارکان کی نشاندہی پر انہوں نے فوری اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے اپنی تصحیح کر لی۔ کورم پورا نہ ہونے پر سپیکر اسمبلی رانا محمد اقبال کی جانب سے اجلاس جمعہ کی صبح 9 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔