جماعت اسلامی کا بنگلہ دیش میں پھانسیاں رکوانے کیلئے سیاسی و سفارتی جدوجہد کا فیصلہ

24 نومبر 2017

اسلام آباد (محمد نواز رضا‘وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جماعت اسلامی نے بنگلہ دیش میں 1971ء میں پاکستان کی جنگ لڑنے والے بنگالیوں کو نام نہاد جنگی جرائم میں دی جانے والی سزائے موت کو رکوانے کیلئے سیاسی اور سفارتی سطح پر جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی کی قیادت بنگلہ دیش پر دباؤ ڈالنے کیلئے سعودی عرب، ترکی سمیت مسلم ممالک کے سفارتخانوں سے رابطے قائم کرے گی۔ جماعت اسلامی کے وفود مسلم ممالک کے سفارت خانوں میں یادداشتیں پیش کریں گے۔ بنگلہ دیش کے ہائی کمشن کے باہر احتجاجی ریلی نکالنے کا پروگرام بھی بنایا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کی قیادت مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے رابطے قائم کرے گی۔ چوہدری نثار علی خان سے بھی رابطہ قائم کیا جائے گا۔