مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج نے 3 نوجوانوں کو غیر ملکیوں کے قبرستان میں سپردخاک کردیا ، زبردست مظاہرے ، ہڑتال

24 نومبر 2017

سرینگر (اے این این) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے 3نوجوانوں کو سپرد خاک کردیا گیا ہے۔ قابض فورسز کا کپواڑہ کے جنگلات اور متعدد دیہات کا محاصرہ، گھر گھر تلاشی کے دوران لوگوں پر تشدد کیا گیا۔ وادی کے کئی علاقوں میں ہڑتال، کاروباری مراکز بند رہے۔اس دوران کرالہ گنڈ ہندواڑہ کے نصف درجن علاقوں اننون ،حاجن ،گنڈ کمال ،ڈوگر ،رت کھنڈی ،گنڈ چوبوترا کا دو روز سے کریک ڈائو ن جاری ہے جس کے دوران فوج اور پولیس نے گھر گھر تلاشی کارروائیا ں کی ہیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ فوج نے ٹریکٹر ڈرائیور شہزاد احمد لون کو گرفتار کیا جس کاا بھی تک کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔ فوجی کارروائی سے علاقہ میں خوف و دہشت کا ماحول ہے ۔ علاقے میں لوگوں کا کہنا ہے بھارتی فوج نے کئی دیہات کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی لی اور لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کیے گئے ،خواتین اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کی گئی ۔دریں اثناء سرحدی ضلع کپواڑہ کے ماگام میں جھڑپوں میں شہید ہونے والے تین جنگجو کو بارہمولہ کے مضافاتی گائوں گانٹہ مولہ میں سپرد خاک کیا گیا ۔ فوجی اہلکاروں اور مقامی لوگوں نے رات کی تاریکی کے دوران غیر ملکی جنگجوئوں کیلئے بنائے گئے قبرستان میں سپرد خاک کیا ۔شہداء کی تدفین کی خبر اہلیان علاقہ کو ملتے ہی لوگوں نے شدید احتجاج اور بھارتی فورسز کے خلاف نعرے بازی کی ۔ادھر ترال میں مقامی جنگجو عادل رشید چوپان کی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہلاکت کے خلاف مسلسل تیسرے دن بھی مکمل ہڑتال رہی۔دختران ملت نے کہاہے کہ اسرائیلی صہونیوں کے ساتھ کشمیریوں کا کسی بھی قسم کا تعلق یا رابطہ اسلام اور امت اور تحریک کشمیر سے غداری کے مترادف ہے۔حال ہی میں ایک بھارت اسرائیلی وفد کی کشمیر آمد اور یہاں کچھ افراد سے ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے تنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے یہ اظہار خیال کیا۔پاکستانی عدالت کی طرف سے حافظ سعید کو خانہ نظر بندی سے رہا کرنے کے حکم کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک قابل ستائش قدم ہے۔مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ وادی میں سیکورٹی فورسز کو جنگجوئوں پر غلبہ حاصل ہے اور سنگبازوں کیلئے ہجوم جمع کرنا اب انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ کٹھ پتلی حکومت نے بھارتی فورسز پر پتھراو کے الزام میں گرفتار نوجوانوں کے لیے عام معافی کا اعلان کر دیا ہے اس فیصلے سے 4ہزار6سو کے قر یب نوجوانوں کو فائدہ پہنچے گا جن پر مقدمات قائم کیے گئے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے اس فیصلے کا اعلان ایک ٹوئٹ کے ذریعے کیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر پولیس نے شہید مغیث میر کی نماز جنازہ پڑھانے کے جرم میں 85سالہ بزرگ راہنما شاہ ولی محمد کو گرفتاری کے بعد جیل بھیج دیا ہے ۔

کشمیر

مری بکل دے وچ چور ....

فاضل چیف جسٹس کے گذشتہ روز کے ریمارکس معنی خیز ہیں۔ کیا توہین عدالت کا مرتکب ...