دبئی ایئرشو کے 12 ویں ایڈیشن کا افتتاح

24 نومبر 2017
دبئی ایئرشو کے 12 ویں ایڈیشن کا افتتاح

افتتاح دبئی کے حکمران ہر ہائنس شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا،پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر اور سپر مشتاق طیاروں کی شرکت،پاکستانی ہوا بازوں نے اپنی مہارت کے جوہر دکھائے
گزشتہ دنوں دبئی ایئر شو کے بارہویں ایڈیشن کا افتتاح یو اے ای کے وائس پریذیڈنٹ، پرائم منسٹر اور دوبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ حکومت دبئی کے اعلیٰ افسران اور قد آور شیوخ اور شخصیات موجود تھیں۔افتتاح کے بعد شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ملٹری اور سول ایئرکرافٹس کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے نمائش میں شرکت کرنے والے مختلف وفود اور سربراہان کو خوش آمدید بھی کہا۔
دبئی ایئر شو میں پاکستان کے ڈیفنس پروڈکشن منسٹر رانا تنویر حسین نے بھی شرکت کی اور مختلف ممالک کے سٹالز کا دورہ کیا۔ دبئی ایئر شو 2017ءمیں 72,500 ٹریڈ وزٹرز اور 1200 سے زائد نمائش کنندگان نے حصہ لیا۔ اس موقع پر دنیا بھر سے ائر کرافٹس انڈسٹری کے لوگوں نے حصہ لیا۔ایئرکموڈور محمد اختر نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایئر فورس سے تعلقات یو اے ای کے ساتھ بہت اچھے اور آگے بڑھنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہم نے یو اے ای کے ہوا بازوں کو تربیت فراہم کی ہے۔ دبئی ایئر شو میں پاکستانی مشتاق طیاروں اور جے ایف 17 تھنڈر بھی شریک تھے۔ جبکہ پاکستانی ہوا بازوں نے انتہائی مہارت کے ساتھ ان جہازوں کو اڑایا اور ایئر شو پر ناظرین سے داد و تحسین حاصل کی۔نمائش میں پاکستانی رئیک ہیلی کاپٹر بھی موجود تھے۔ جنہیں مختلف ممالک کے لوگوں نے ذوق اور شوق سے دیکھا۔ ان کے علاوہ ایف 16 میراج 2000 اور AN132 بھی نمائش کے لئے موجود تھے۔12 سے 16 نومبر تک چلنے والی اس نمائش میں پاکستانی مصنوعات کو نمائش میں شریک لوگوں نے دلچسپی سے دیکھا اور پاکستانی طیاروں کے ساتھ تصاویر اتروائیں۔ اس موقع پر کروڑوں ڈالر کے ریکارڈ بزنس بھی ہوئے۔ طیاروں انڈسٹری سے وابستہ جدید ترین جہاز اور خوبصورت ماڈل بھی نمائش کے لئے پیش کئے گئے۔ امارات میں مقیم پاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد نے نمائش کا دورہ کیا اور پاکستانی مصنوعات کو دیکھا اور سراہا۔