مکرمی! سیالکوٹ جیسے بین الاقوامی شہرت کے حامل صنعتی و کاروباری شہر میں عوامی تفریح کی خاطر چڑیا گھر کا قیام اشد ضروری ہے۔ ہیڈ مرالہ کے سیاحتی مقام پر دونوں نہروں (نہر اپر چناب اور مرالہ راوی لنک نہر) کے درمیان چڑیا گھر کے قیام اور خوبصورت ہٹ بنانے کا منصوبہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر التواء میں ڈال کر سالانہ کھربوں روپے کا زر مبادلہ کمانے والے کماؤ پتر شہر کے باسیوں کا استحصال کیا جا رہا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ چڑیا گھر کے قیام سے نہ صرف عوامی تفریح کا ایک ذریعہ کُھل جائے گا بلکہ حصول آمدن کا ایک ذریعہ بھی عمل میں آ جائے گا۔ جہاں کئی لوگوں کو روزگار بھی مہیا کئے جائیں گے۔ ان امور کے پیش نظر حکومت پنجاب اور محکمہ وائلڈ لائف کے ارباب اختیار سے مطالبہ ہے کہ ہیڈ مرالہ کے مقام پر چڑیا گھر کے منظور شدہ منصوبہ کو بلاتاخیر عملی جامہ پہنایا جائے۔
(ابو سعدیہ سید جاوید علی شاہ امامی، سیالکوٹ)