میجر اسحاق شہید مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک

24 نومبر 2017

لاہور(خصوصی رپورٹر)ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے میجر اسحاق کی نماز جنازہ لاہور کے ایوب سٹیڈیم میں ادا کر کے مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کیولری گرائونڈ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، کور کمانڈر لاہور عامر ریاض سمیت شہید کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید میجر اسحاق کا تعلق خوشاب سے تھا اور وہ 6 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے، شہید کے پسماندگان میں بیوہ اور ایک سال کا بچہ شامل ہے۔ واضح رہے شہید میجر اسحاق گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اورانہیں گلے لگاکر دلاسہ دیا۔ وزیراعلیٰ نے شہید میجر اسحاق کے جسد خاکی کو کندھا دیا۔پاک سرزمین پارٹی کے وفد نے بھی تدفین میں شرکت کی۔ نوائے وقت سے گفتگو میں میجر اسحق کی والدہ نے کہا کہ میرے بیٹے کو شہید کارتبہ ملا ہے میں اس پر خدا کی شکرگزار ہوںہمارے خاندان میں اسحق کے دادا، چچا اور چچا کابیٹابھی شہادت کے منصب پرفائز ہوچکے ہیں، وہ میرا لاڈلااور سب سے چھوٹا بیٹاتھا مجھے اس کے ساتھ بہت پیار تھا۔انہوںنے رندھے ہوئے لہجے میں بتایاکہ جب اس شہادت کی اطلاع ملی تو میں جذبات پر قابو نہیں رکھ سکی اور فرط جذبات سے اس کے گال چوم لئے اور اللہ کے سپرد کردیا۔ تاہم میں بیٹے کی شہادت پر روئی نہیں، بیٹے نے سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ اہلیہ ڈاکٹر عائشہ نے کہا کہ اسحق بہت اچھے شوہراورباپ تھے، انکی کمی محسوس ہوتی رہے گی۔

میجر اسحاق / سپردخاک