وزیراعظم کو نااہل قرار دینا بڑی بات، لڑائی کرپشن کیخلاف ہے: سراج الحق

24 نومبر 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے ہماری لڑائی کسی فرد سے نہیں، کرپشن کے خلاف ہے۔ کرپٹ مافیا کاتعاقب جاری رکھیں گے اور قوم کو ایسا نظام دیں گے جس سے اس بیماری کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوجائے۔ پانامہ میں وزیر اعظم کو نااہل قراردیا جانا بہت بڑی بات ہے۔ پانامہ کیس میں شامل تمام لوگوں کا احتساب چاہتے ہیں، احتساب کے بغیر ملک ٹھیک نہیں ہوسکتا۔سب کا احتساب قوم کا مطالبہ ہے۔ عوام عدلیہ اور پارلیمنٹ مل کرکرپشن کا سدباب کرسکتے ہیں، ہمارا اصل مقصدکرپٹ سسٹم کا خاتمہ ہے، اس استحصالی نظام نے جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو تحفظ دیا ہے اور غریب کو مایوسیوں اور پریشانیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ جماعت اسلامی ہمیشہ درست ٹریک پر چلتی رہی ہے، ہمارا اختیار کردہ ٹریک ہی قومی سلامتی اور ملکی خوشحالی کا ضامن ہے۔ کرپٹ لوگوں نے مختلف پارٹیوں میں پناہ لے رکھی ہے۔ اب ان جماعتوں کو بھی چاہئے ایسے لوگوں کو مزید برداشت کرنے کی بجائے انہیں اپنی صفوں سے نکال باہر کریں۔منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانامہ لیکس میں ملوث دیگر 436لوگوں کے احتساب کے حوالے سے سپریم کورٹ میں اپنی درخواست کی سماعت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کرپشن کے خلاف ہماری جدوجہد کا ہدف کسی ایک فرد کی ذات نہیں۔ کچھ لوگ کرپشن کے خلاف ہماری جدوجہدکو ذاتی رنگ دیکرمحدودکرنے کی کوشش کررہے ہیں اور عوام کو یہ تاثر دینا چاہتے ہیں ہماری لڑائی محض حکومتی زعماء کے ساتھ ہے۔ ہم سب کا احتساب چاہتے ہیں مگر ہماری یہ بھی کوشش ہے پہلے ان لوگوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے جنہوں نے حکومتی اختیارات کو عوام کی فلاح کے بجائے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے استعمال کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں سابق وزیر اعظم کی طرح دوسروں کو بھی احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے تاکہ کسی کویہ کہنے کا موقع نہ ملے کسی خاص فرد کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ یقین ہے عدالت قوم کو مایوس نہیں کرے گی اور لٹیروں کا محاسبہ ضرور ہوگا۔ 

سراج الحق