ٹریک ہولڈرز فرنٹ لائن ریگولیٹر کے طور پر بھی اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں‘ظفر عبداﷲ

24 نومبر 2017

کراچی (کامرس رپورٹر) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ظفر عبداللہ نے اپنی سینئر آفیشلز کے ہمراہ جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ (پی ایس ایکس) کا دورہ کیا اور پی ایس ایکس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز، مارکیٹ اراکین اور اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کی۔ انہوں نے ٹریک ہولڈرز سے بھی ملاقات کی اور ان کے سوالات کے جوابات دیئے۔ پی ایس ایکس بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ساتھ اجلاس میں پی ایس ایکس کے چیئرمین کے نمائندگی کرنے والے عارف حبیب نے چیئرمین ایس ای سی پی اور ان کی ٹیم کو اسٹاک ایکسچینج آمد پر خوش آمدید کہا۔ عارف حبیب نے کیپٹل مارکیٹ کی گرتی ہوئی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے مختلف ایشوز کے حوالے سے گفتگو کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایس ای سی پی ان ایشوز کے حل میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کیپٹل مارکیٹ کی بہتری یقینناً حکومت کے حق میں ہے اور اس سے اسٹیک ہولڈرز معیشت کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔ اس موقع پر ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر عبداللہ نے زیادہ تر سفارشات سے اتفاق کرتے ہوئے پی ایس ایکس کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریک ہولڈرز کی نمائندہ باڈی بروکرز ایسوسی ایشن نہ صرف معلومات کی فراہمی میں بلکہ فرنٹ لائن ریگولیٹر کے طور پر بھی اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔ بعد ازاں پی ایس ایکس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز، چیئرمین ایس ای سی پی اور ان کی ٹیم اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے ٹریڈنگ ہال میں ٹریک ہولڈرز سے بھی ملاقات کی۔