ملکی حالات سے تاجر برادری پریشان ہیں :ایس ایم منیر
کراچی (کامرس رپورٹر) سابق چیف ایگزیکٹیو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی وسابق صدر فیڈریشن چیمبر آف کامرس ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ملکی حالات سے تاجر برادری پریشان ہیں ،تحقیقات ،انکوائریاںاور پکڑ دھکڑ کی وجہ سے سیاسی عدم استحکام کے باعث تاجر وں میں تشویش پائی جاتی ہے لیکن ساتھ ہی تاجر سمجھتے ہیں کہ ملک اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے لیکن مستقبل بہت اچھا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو فیڈریشن ہاوس میںشاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی ولادت کی مناسبت سے منعقدہ نشست سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر ایف پی سی سی آئی محمد زبیر طفیل ،نائب صدر مرزا اشتیاق بیگ ،صدر سی پی این ای ضیاء شاہد ،سابق وزیر دوست محمد فیضی ،عبدالسمیع خان ،انیق احمد ،شجاعت علی بیگ ،مرتضی مغل اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ رواں سال تجارتی خسارہ 40ارب ڈالر پہنچنے کا خدشہ ہے جب کہ 11.5ارب ڈالر بیرونی قرضوں اور سود کی واپسی کی مد میں بھی درکار ہے ،حکومت کی توجہ صنعتوں کو فروغ دینے کے بجائے ٹیکس محصولات میں اضافے پر مرکوزرہی جس کے نتیجے میں ٹیکسوں میں تو اضافہ ہوا لیکن صنعتیں تباہی کے کنارے پر پہنچ گئیں اس وقت فیصل آباد کی80فیصد اندسٹریز بند ہوگئی ہیں اربوں روپے کے ریفنڈز رکنے کے نتیجے میں ملک بھر میں چھوٹے یونٹس بند پڑے ہوئے ہیں ۔