مسلم لیگ (ن) کے وفد کی کے الیکٹرک حکام سے ملاقات‘ زائد بلنگ پر تبادلہ خیال
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کی کے الیکٹرک کمیٹی کے وائس چیئرمین عبدالحمید بٹ کی سربراہی میں وفد نے کے الیکٹرک ریجنل فور کے ڈائریکٹر ہیڈ محمد راشد حسین سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں فلاحی انجمن سبزی منڈی کے صدر حاجی شاہ جہاں اور یاسر عدیل شامل تھے۔ وفد نے ریجنل فور کے ڈائریکٹر ہیڈ کی توجہ کچی آبادیوں میں مقیم افراد کو زائد بل بھیجنے اور بغیر کسی اطلاع کے میٹر تبدیل کرنے کے معاملے کی طرف مبذول کرائی انہوں نے کہاکہ سپلیمنٹری بل آنے کی وجہ سے ان آبادیوں کے رہائشی شدید مشکلات کا شکار ہیں بلاجواز لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے‘ کچی آبادیوں میں غریب افراد رہائش پذیر ہیں ان کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ بجلی کے زائد بلوں کی ادائیگی کر سکیں‘ کے الیکٹرک حکام ان مسائل کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیکھے۔ انہوں نے کہاکہ گھریلو اور چھوٹے کاروباری یونٹس کیلئے بجلی کے کنکشنز کے حصول کو آسان بنایا جائے۔ حاجی شاہ جہاں نے بتایا کہ اس وقت سبزی منڈی میں صرف دو بلک میٹر لگے ہیں۔