سندھ میں آئندہ ماہ سے روٹاوائرس کی ویکسی نیشن شروع ہوگی

24 نومبر 2017

کراچی(ہیلتھ رپورٹر)سندھ میں اگلے ماہ سے روٹا وائرس کی ویکسی نیشن شروع ہو جائے گی،ہر2ہزار میں سے 53بچے پیدائش کے بعد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ حفاظتی ٹیکوں کی شرح کو بڑھانے کیلئے پولیو ویکسین کا سسٹم اپنایاجائے گا نیز حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں اسہال سے بچائو کی ویکسین بھی شامل کی جائے گی۔ تھر میں بچوں کی ہلاکت کی بڑی وجہ مائوں میں غذائی قلت ہے ۔ پاکستان پیڈیا ٹرک ایسوسی ایشن نے حکام نے یہ گفتگو قومی ادارہ برائے صحت اطفال (NICH) میں پریس بریفنگ کے دوران کہی۔NICH کے ڈائریکٹر جمال رضا نے بتایا کہ پاکستان پیڈیا ٹرک ایسوسی ایشن کی قومی کانفرنس کا سکھر میں انعقاد کیاجارہا ہے،تین روزہ کانفرنس میں مقامی اوربین الاقوامی ماہرین شرکت کرینگے ۔ بچوں کی صحت کے متعلق اہم امورزیر بحث لائے جائینگے پندرہ سیشن منعقد کئے جائینگے ۔ پانچ سال کی عمر تک کے بچوں پرمبنی تحقیقی رپورٹ پیش کی جائے گی ،کانفرنس میں عالمی ادارہ صحت کے ماہرین بھی شرکت کرینگے، پاکستان میں یونیسیف کے سربراہ سے حفاظتی ٹیکسوں کی شرح کو بڑھانے پربات کی جائے گی۔ پریس بریفنگ میں ڈاکٹر ایم این لعل ڈاکٹر طارق شفیع نے خطاب کیا۔