پارلیمنٹ میںاپوزیشن کی شکست ہماری اخلاقی فتح ہے:بابو سرفراز جتوئی

24 نومبر 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ(ن) سندھ کے صدر بابو سرفراز جتوئی نے کہاکہ مخالفین کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیاجانے والے بل کو بھاری اکثریت سے مسترد ہونا جمہوریت کے حق میں خوش آئند ہے اس فیصلے سے ملک بالخصوص صوبہ سندھ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جن لوگوں نے ووٹ نہیں دیا ان کے مکروہ چہرے بے نقاب ہوگئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف ملک کی سیاست میںشرافت‘برداشت اور حوصلہ کی علامت ہے۔جمہوریت کی دعویداری کا کھوکھلا نعرہ لگانے والی پیپلز پارٹی کے سرکردہ لوگوں کے عمل سے بھٹو اوربے نظیر بھٹو کی روح بھی تڑپ گئی ہوگی۔ پیپلز پارٹی کا کردار بھٹو کی روح کی غداری کے مترادف ہے۔ قائد محمد نواز شریف کا حکمرانوں کادور ملک کی ترقی کا عملی ثبوت ہے اوران پروجیکٹ کی پایہ تکمیل کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی محمد نواز شریف کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے پرعزم ہیں۔