جماعت اسلامی کا پیغام سیرت النبیؐ اورتحفظ نبوت کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان

24 نومبر 2017

کراچی (خصوصی رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ نے کراچی تا کشمور صوبہ بھر میں ربیع الاول کے ماہ مقدس کی مناسبت سے پانچ سوسے زائد پیغام سیرت النبی ؐ اور تحفظ ختم نبوت کے حوالے سے اجتماعات منعقد کرنے کا اعلان کردیا ‘ جبکہ 12‘13اور14 ربیع الاول کو بڑے پیمانے پر ضلعی سطح پر پیغام مصطفی ؐ اور تحفظ ختم نبوت کانفرنس کاانعقاد کیا جائے گا ‘ جس سے مرکزی جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ ‘ مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو اور صوبائی ذمہ داران سمیت ممتاز علماء کرام و دانشور خطاب کریں گے ‘جس کے لیے بھر پور تیاریاں شروع کردی گئی ہیں‘ ان خیالات کا جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے قباء آڈیٹوریم میں ایک پریس بریفنگ کے دوران کیا ‘ انہوں نے مزید کہاکہ ملک ومعاشرہ کو امن گہوارہ ‘ نفرتوں کے خاتمے ‘ مہنگائی سمیت تمام مسائل سے نجات کا واحد راستہ اسوہ رسولؐ پر عمل اور اس کے پیغام کو آگے بڑھانے میں مضمر ہے۔