اورنگی کی ٹمبر مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی‘ گودام اور 8 دکانیں خاکستر

24 نومبر 2017

کراچی (کرائم رپورٹر) اورنگی ٹاﺅن کے نمبر پانچ میں ٹمبر مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں ایک گودام اور  آٹھ دکانوں سمیت لاکھوں روپے مالیت کا فرنیچر جل کر تباہ۔ شیر شاہ میں ڈمپر جل گیا‘ اورنگی ٹاﺅن کی ٹمبر مارکیٹ میں آگ بدھ اور جمعرات کی درمیاتی شب لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔ ابتداءمیں فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں آگ بجھانے کے لئے موقع پر پہنچیں جبکہ بعد میں آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فریئر فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا اور فائر بریگیڈ کا عملہ تین گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں فرنیچر کا ایک گودام اور آٹھ دکانیں جل کر تباہ ہوئیں اور لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہوا۔