گھریلو صارفین کیلئے آج اور کل لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی: نرگس سیٹھی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ اے پی پی) سیکرٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی نے کہا ہے کہ 10محرم تک گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی، سیکرٹری پانی و بجلی نے 23سے 25نومبر تو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی نے ہدایت کی ہے بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں (ڈسکوز) محرم الحرام کے موقع پر بجلی کی سپلائی کو یقینی بنائیں، عاشورہ محرم کے دنوں میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ یہ ٹیمیں بجلی کی شکایات کے ازالہ کے لئے کام کریں گی۔ جمعہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے وزارت پانی و بجلی کے اعلیٰ حکام اور تمام ڈسکوز کے سربراہوں کے ساتھ کانفرنس کے دوران انہوں نے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ڈسکوز کو مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا عاشورہ محرم کے موقع پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کم سے کم کی جائے تاکہ عزاداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ ڈسکوز کے تمام ضروری سٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ تمام تر انتظامات کی براہ راست نگرانی کریں گی۔ ڈسکوز کو ہدایت کی گئی ہے وہ اپنے فیلڈ دفاترکے ساتھ رابطے میں رہیں اور صورتحال کی بھرپور مانیٹرنگ کریں۔