کھلنا ٹیسٹ : ویسٹ انڈیز کی پوزیشن مستحکم‘ 177 رنز کی برتری
کھلنا (اے پی پی) ویسٹ انڈیز کی بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ پرگرفت مضبوط، مارلون سیموئلز کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت ویسٹ انڈین ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 564 رنز بنا کر 177 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ میچ کا تیسرا روز بھی ویسٹ انڈین بلے بازوں کے نام رہا، مارلون سیموئلز، ڈیرن براوو اور شیونارائن چندر پال کے سامنے بنگال ٹائیگرز کے باﺅلرز بالکل بے بس نظر آئے اور تیسرے روز اس کے حصے میں صرف ایک وکٹ آئی۔ مارلون سیموئلز نے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری سکور بنانے کا اعزاز حاصل کیا، وہ 260 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ڈیرن براوو 127 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ شیونارائن چندرپال 109 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔ سوہاگ غازی اور روبیل حسین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ شیخ ابو نصر سٹیڈیم، کھلنا میں جاری آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے 241 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو مارلون سیموئلز 109 اور ڈیرن براوو 85 رنز پر کھیل رہے تھے، ڈیرن براوو ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری سکور بنانے کے بعد 127 کے انفرادی سکور پر آﺅٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، مارلون سیموئلز اور براوو نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 326 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔ ان کے آﺅٹ ہونے کے بعد مارلون سیموئلز نے شیونارائن چندر پال کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور بڑھانا شروع کیا اور اسی دوران انہوں نے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری بھی بنانے کا اعزاز حاصل کیا، سیموئلز اور چندرپال نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں شاندار 177 کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا سکور 546 تک پہنچا دیا، اس موقع پر سیموئلز 260 رنز کی کیریئر بیسٹ اننگز کھیلنے بعد روبیل حسین کی گیند کا نشانہ بنے۔ چندرپال کی عمدہ بیٹنگ جاری ہے اور انہوں نے ٹیسٹ کیریئر کی 27 ویں سنچری بھی مکمل کی۔ تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈین ٹیم نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 564 رنز بنا کر بنگلہ دیش کے خلاف 177 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ چندرپال 109 رنز اور رامدین چار رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔