کوڈ آف کنڈکٹ پر سزا‘ محمد عرفان کو پانچ ماہ کی معافی مل گئی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے فل بیک محمد عرفان پابندی کی سزا میں پانچ ماہ کی کمی کر دی ہے جبکہ ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کو برقرار رکھا گیا ہے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پی ایچ ایف ڈسپلنری کمیٹی نے محمد عرفان پر چھ ماہ کی پابندی کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا دی تھی۔ سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محمد عرفان کی معافی کی درخواست پر صدر قاسم ضیاءنے ان کی سزا میں پانچ ماہ کی کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ محمد عرفان آئندہ ٹورنامنٹس کے لئے ٹیم مینجمنٹ کو دستیاب ہونگے۔ اس موقع پر محمد عرفان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کا مشکور ہوں جنہوں نے میری سزا میں پانچ ماہ کی کمی کر دی ہے انشااﷲ اگلے ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کا حصہ بن کر اس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کروں گا۔ محمد عرفان کا کہنا تھا کہ اپنی غلطی پر شرمندہ ہوں مستقبل میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آئے گا۔