کراچی میں ماس ٹرانزٹ نظام 3مراحل میں مکمل ہوگا‘ گورنر سندھ
کراچی( وقائع نگار) گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہاہے کہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ سسٹم تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا جس میں مونو ریل سسٹم ، ریپڈ بس ٹرانزٹ اور انفرا اسٹرکچر شامل ہیں اس کے لئے حکومت کو بہت زیادہ سرمایہ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں حکومت شاہراہوں اور سڑکوں کی تعمیر اور انھیں وسیع کررہی ہے اس سے ٹریفک جام کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔وہ بارہویں سینئر منیجمنٹ کورس اور 14 ویں مڈ کیئر منیجمنٹ کورس کے شرکاءسے خطاب کررہے تھے جنھوں نے گورنر ہاﺅس میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے با الخصوص کراچی میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی جارہی ہے چین کی کمپنیاں بھی یہاں سرمایہ کاری کررہی ہیں ۔ بیرون ملک سے سرمایہ کار کی بڑی تعداد یہاں کا رخ کررہی ہے بیرون سرمایہ کاری سے یہاں روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے جبکہ اس سے کثیر زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پوری یکسوئی کے ساتھ انڈسٹریل سیکٹر کو تمام سہولیات فراہم کررہی ہے ا ور انفرا اسٹرکچر کا کام بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں زراعت کو فروغ دیا جارہاہے حکومت نے اس سیکٹر کو مزید فعال کرنے کرنے کے لئے پرکشش پیکچ بھی دیئے ہیں تاکہ لوگ اس جانب متوجہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر کمیونٹی پولیسنگ کا نظام بہت کا آمد رہا ہے اس کے دائرہ کار کو مزید بڑھا یا جائے گا اور رہائشی علاقوں میں بھی متعارف کروایا جائے گا ۔