فرقہ ورانہ سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے فکر حسینیت کو عام کیا جائے‘ طاہر القادری
کراچی(نیوز رپورٹر) کربلا خاندان رسول کے لہو سے تحریر ہونے والی داستان حریت و ایثار ہے۔ کربلا کے میدان میں امام حسین نے تسلیم و رضا اور ایثار قربانی کی جو تاریخ رقم کی وہ تا قیامت متلاشیان حق کے لئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے شہادت امام حسینؓ کے سلسلے میں مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ امام حسین کے عظیم اصحاب کی عزیمت کو آفرین کہ اپنی وفاداری کو زندگی کی عارضی مہلت پر ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت اسماعیل کی ایڑھی سے زم زم کا چشمہ پھوٹ نکلا تھا اور اگر نواسہ رسول میدان کربلا میں ایڑی مارتے تو ریگ کربلا سے لاکھوں چشمے پھوٹ پڑتے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین اور ان کے رفقاءنے کربلا کے میدان میں استقامت کی تصویر بن کر ثابت کردیا کہ حق کسی بھی سطح پر مصلحت و سمجھوتے کا قائل نہیں ہوتا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ فرقہ واریت کا فتنہ پیدا کرنے والوں کی گھناﺅنی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے فکر حسینیت کو عام کیا جائے۔