ذمہ داری بڑھ گئی‘ امن کیلئے جذبہ¿ جہاد سے کام کرنا ہو گا: سی سی پی او
لاہور (نامہ نگار) سی سی پی او لاہور محمد اسلم ترین نے کہا کہ مجالس کی طرح لاہور میں عزاداروں کے تمام چھوٹے بڑے جلوسوں کو بھی چار درجاتی سکیورٹی مہیا کی جائے اور جلوسوں کے راستے میں لائٹ کا مناسب انتظام ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ سے بھرپور معاونت بھی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز امام بارگاہ بیت الحزن گرین ٹا¶ن اور مختلف مجالس کی سکیورٹی چیک کرتے ہوئے کیا۔ سی سی پی او نے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس پر ذمہ داری کئی گنا بڑھ گئی اور امن و امان کا قیام اور عزاداروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے جذبہ جہاد سے کام کرنا ہو گا۔ سی سی پی او نے سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کے دوران بعض امام بارگاہوں میں انتظامیہ کی درخواست پر مزید پولیس اہلکاروں کی فوری تعیناتی کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے ایس ایس پی آپریشنز سہیل سکھیرا کو چار درجاتی سکیورٹی کو مجلس کے ساتھ ساتھ ہر چھوٹے بڑے جلوس کیلئے یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ سی سی پی او نے امن کمیٹی کے ممبران سے بریفنگ لی اور ڈی آئی جی آپریشنز کو محرم کے دوران سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کے مقام پر بروقت کھانے کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔