قتل و غارت کی عالمی سازش کو قومی اتحاد سے ناکام بنایا جاسکتا ہے: ریاض حسین شاہ
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ مسلح ونگ ختم نہ کرنے والی پارٹیوں کی رجسٹریشن ختم کی جائے اور مسلح جتھوں والی جماعتوں کا سوشل بائیکاٹ کیا جائے، فرقہ وارانہ قتل و غارت کی عالمی سازش کو قومی اتحاد کے ذریعے ہی ناکام بنایا جا سکتا ہے، حکومت کی کمزوری کی وجہ سے پاکستان میں غیرملکی مداخلت بڑھ رہی ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ریاستی ادارے یکسو نہیں ہیں، کسی دہشت گرد کو سزا نہ ملنا عدالتی نظام پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، علماءمنبر و محراب سے قتل ناحق کے خلاف زوردار آواز اٹھائیں اور اسلام کی گمراہ کن تعبیر کی رد کے لئے حقیقی اسلام پیش کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل سنی سیکرٹریٹ میں جماعت اہلسنّت ضلع لاہور کے عہدیداران و کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا کہ امن دشمنوں کے مقابلے کے لئے امن دوست متحد ہو جائیں۔