ایوان صدر میں ”ٹرائیکا“ کی ملاقات‘ ملکی سلامتی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے پر اتفاق
اسلام آباد (آن لائن) صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے درمیان ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران تینوں رہنماﺅں نے قومی سلامتی کے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا اور اس عزم کو دہرایا گیا کہ ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے، ملکی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آرمی چیف نے صدر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے تینوں رہنماﺅں کی اس ملاقات میں محرم الحرام کے دوران ملک میں امن وامان ، دہشتگردی کی حالیہ لہر اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے صدر کو یہ یقین دہانی کرائی کہ سکیورٹی فورسز ملک میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن مدد فراہم کرے گی اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شرپسند عناصر کی ملک کیخلاف سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشتگردی اور شرپسندوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اس میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ صدر نے ڈی ایٹ سربراہ کانفرنس کے بارے میں بھی وزیراعظم اور آرمی چیف کو بریف کیا۔