توانائی کا بحران ختم کرنے کے لئے ناروے پاکستان کی مدد کر سکتا ہے: نوازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف سے پاکستان میں ناروے کی سفیر مس سیزل لینڈز ورک نے رائے ونڈ میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر نوازشریف نے کہا کہ ناروے کے پاکستان کے ساتھ طویل عرصہ سے اقتصادی و تجارتی تعلقات ہیں ۔ناروے کی حکومت نے 2010ءمیں انسانی بنیادوں پر پاکستان کے سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے جو کردار ادا کیا تھا اسے پاکستانی عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان اور ناروے کے درمیان گورننس، تعلیم، صحت اور سوشل سیکٹر میں تعاون کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔ پاکستان سے ناروے کو کاٹن، ٹیکسٹائل اور چمڑے کی برآمدات میں مزید اضافہ کیا جانا چاہئے۔ ناروے کی سفیر نے نوازشریف کو بتایا کہ ناروے نے پاکستان میں ٹیلی مواصلات کے شعبے میں وسیع سرمایہ کاری کی ہے۔ گیس، آئل اور ہائیڈرو پاور کے منصوبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ نوازشریف نے کہا پاکستان میں توانائی کے بحران کے خاتمے کے لئے ناروے مدد کر سکتا ہے۔علاوہ ازیں کارکنوں سے گفتگو میں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کو الیکشن کسی صورت موخر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘ ملک کے عوام الیکشن میں محب وطن قوتوں کا ساتھ دینگے‘ مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں بھرپور قوت سے میدان میں اترے گی‘ ضلعی صدر شیخوپورہ عارف خان سندھیلہ کے مطابق میاں نواز شریف نے نماز جمعہ کے بعد پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں فوجی آپریشن مسئلے کا حل نہیں ہے‘ زرداری حکومت نے پاکستان کو بحرانوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ عارف سندھیلہ نے نواز شریف کو ضلع شیخوپورہ میں پارٹی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی۔