فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی‘ اسرائیلی جارحیت کے خلاف دینی جماعتوں کے لاہور سمیت ملک بھر میں مظاہرے
لاہور + گوجرانوالہ + حافظ آباد (خصوصی نامہ نگار + نمائندہ خصوصی + نمائندہ نوائے وقت) فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف دینی جماعتوں نے لاہور، فیصل آباد سمیت ملک بھر میں مظاہرے کئے، ریلیاں نکالیں، اسرائیلی اور امریکی پرچم نذر آتش کئے۔ مذہبی رہنماﺅں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل دہشت گرد ریاست ہے۔ مظالم پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی شرمناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق یوم احتجاج کی کال جے یو آئی (ف)، جماعت اسلامی، دفاع پاکستان کونسل، جماعتہ الدعوة، جے یو پی، سنی تحریک، سنی اتحاد کونسل، ملی یکجہتی کونسل، جماعت اہلسنت، جے یو پی نیازی اور دیگر جماعتوںنے دے رکھی تھی۔ لاہور میں جامعہ رحمانیہ سے لاہور ہوٹل چوک تک جے یو آئی (ف) نے اسرائیل مردہ باد ریلی نکالی، ریلی کی قیادت حافظ حسین احمد، مولانا محمد امجد خان ،قاری ثناءاللہ، امجد سعید، افضل خان، حافظ اعجاز الحق اور دیگر نے کی۔ حافظ حسین احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالم اسلام کی بے حسی افسوس ناک ہے اور یو این او کی خاموشی قابل نفرت اور قابل مذمت ہے۔ مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ اسرائیل کی دہشت گردی روکنے کے لئے حضرت حسینؓ، حضرت علی ؓ ، حضرت حضرت عمر ؓ کی للکار کی ضروت ہے۔ مولانا جمیل الرحمن، ڈاکٹر عتیق الرحمن، صفی اللہ، قاری ثناءاللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سید منور حسن نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کی طرف سے معصوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی مذمت کے لیے کوئی خاص جوش و جذبہ سامنے نہیں آیا جس کی بڑی وجہ امریکی خوف اور غلامانہ ذہنیت ہے ۔ امریکہ اسرائیلی جارحیت کو بھی دفاع کا نام دے کر اس کی سرپرستی اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہاہے۔ لاہور پریس کلب کے سامنے اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت لیاقت بلوچ، ڈاکٹر سید وسیم اختر، فرید پراچہ، میاں مقصود احمد اور ذکر اللہ مجاہد نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ فلسطین، کشمیر، میانمار میں لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام امریکی منافقت کی وجہ سے ہورہاہے۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، مولانا اجمل قادری، مولاناعبدالرو¿ف، مولانا عاصم مخدوم، سید یوسف شاہ ،مولانا شاہ عبدالعزیز، حافظ طاہر محمود اشرفی، مولانازاہد محمود قاسمی، علامہ نعیم بادشاہ ودیگر نے کہاکہ اسرائیلی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے جس پر اقوام متحدہ اور اقوام عالم کو آواز بلند کرنی چاہئے۔ جمعیت علماءپاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں ”یوم مذمت “ منایا گیا۔ جے یو پی کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، شاہ اویس نورانی نے کہا کہ فلسطینی نہتے عوام پر امریکی سرپرستی میں اسرائیلی مظالم پر اُمت مسلمہ کے حکمرانوں کی خاموشی اور بے حسی انتہائی افسوسناک ہے۔ سنی اتحاد کے زیراہتمام اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک گیر ”یومِ مذمت ِ اسرائیل“ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں جمعہ کے اجتماعات میں اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف اور مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں قراردادیں منظور کی گئیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی افواج نے فلسطینی بچوں اور عورتوں کا خون بے دردی سے بہایا ہے لیکن عرب لیگ اور او آئی سی کوئی کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ حاجی حنیف طیب نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل دہشت گرد ریاست ہے۔ گجرات میں پیر محمد افضل قادری، گوجرانوالہ میں صاحبزادہ محمد داﺅد رضوی، مولانا اکبر نقشبندی نے خطاب کیا۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی اپیل پر بھی ”یوم یکجہتی فلسطین“ منایا گیا اور مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ سنی تحریک کے صوبائی صدر محمد شاداب رضا نقشبندی، زاہد حبیب، مجاہد عبدالرسول نے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کھلی دہشتگردی ہے۔ مظلوم فلسطینی عوام پر ظلم ڈھانے والے اسرائیل کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ متحدہ جمعیت علماءپاکستان کے مرکزی صدر غلام شبیر قادری، علامہ ذوالفقار مصطفے ہاشمی، حاجی شرافت علی قادری، پیرسید ذوالفقار شاہ یوسفی اور علامہ شبیر احمد فاروقی نے ٹاﺅن شپ میں اسرائیل کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی عملی مدد کریں۔ اسلامی تحریک طلبہ پاکستان کے چیئرمین غلام عباس صدیقی، مولانا عبدالرﺅف ربانی، قاری نور احمد، مولانا شکیل قاری اکبر و دیگر کا مساجد میں عوام الناس سے خطاب کیا۔ تحریک دعوت توحید کے مرکزی کنوینئر میاں محمد جمیل نے جامع ابوہریرہ اقبال ٹاﺅن کریم بلاک میں یوم احتجاج کے سلسلے میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام مسئلہ فلسطین و کشمیر کے حل کیلئے متحد ہو کر سفارتی مہم چلائے۔ ایم کیو ایم گوجرانوالہ زون کے زیر اہتمام فلسطینی مسلمان مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر زونل انچارج عابدگجر نے کہا کہ اسرائیل اپنے دل سے یہ خیال نکال دے کہ وہ فلسطین پر اپنا قبضہ جما لے گا۔ حافظ آباد میں جماعت اسلامی، شباب ملی اور اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور فوارہ چوک میں اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کیا۔ ریلی کی قیادت ڈاکٹر حبیب اللہ چیمہ، محمد یوسف تہامی، ابوبکر علوی اور دیگر رہنماﺅں نے کی۔ گگھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق جماعت اہل سنت پاکستان، مصطفائی تحریک، ادارہ صراط مستقیم، سنی تحریک کے زیر اہتمام احتجاجی جلوس نکالا گیا جس کی قیادت مولانا غلام نبی جماعتی نے کی۔