عنبرین فاطمہ
تصاویر: وسیم رحمان
’’سرمد سلطان کھوسٹ‘‘ کا ہر پراجیکٹ ان کے پچھلے پراجیکٹ سے دو قدم آگے ہوتا ہے اس باران کا پراجیکٹ ’’کملی ‘‘ بڑی سکرین یعنی سینما کیلئے ہے۔ فلم ’’کملی‘‘ میں ہمیں بہت ہی باصلاحیت اداکارہ صبا قمر ،عمیر رانا ،نمرہ بُچہ، ثانیہ سعید اور نئے اداکار خواجہ حمزہ دکھائی دے رہے ہیں فلم کا ٹریلر ریلز ہوچکا ہے لوگ نہ صرف ٹریلر بلکہ میوزک کو بھی بے حد پسند کررہے ہیں ۔ہم اس فلم کے پوسٹر شوٹ پر پہنچے وہاں سرمد سلطان کھوسٹ ،صبا قمر اور عمیر رانا موجود تھے ہم نے ان سے خصوصی بات چیت کی ۔سرمد سلطان کھوسٹ نے کہا کہ یہ فلم ڈرامہ اور رومینس بیسڈ ہے ،کاسٹ ایسی ہے کہ کس کے بارے کیا کہوں کہ کس نے کیسا کام کیا ۔ میں سمجھتا ہوں کہ فلم اور ڈرامے کے میڈیم کو خود بولنا چاہیے اور مجھے ویسے بھی اپنے کام کی وضاحت نہیںکرنی آتی مجھے لگ رہا ہے کہ فلم کو دیکھنے کے بعد مجھ سے سوال جواب ہونے چاہیں ۔دو ڈھائی گھنٹے پر محیط فلم دیکھنے والوں کو کبھی بھی کوئی ایک پیغام نہیں دیتی ۔کملی کی کہانی بتاتی ہے کہ کس طرح سے ہم دوسروں کے رہنے کیلئے جگہیں کم اور تنگ کر دیتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں سرمد کھوسٹ نے کہا کہ ثانیہ سعید میرے ہر پراجیکٹ میںتو نہیں ہوتیں لیکن وہ اتنی باکمال اداکارہ ہیں کہ ان کے ساتھ ہر بار کام کرنا ایک نیا اور اہم تجربہ ہوتا ہے لہذا میں ان کو کہانی اور کردار کے مطابق سائن کرتا ہوں اوراگر تو ثانیہ آپ کو میری کسی کہانی میں بغیر میرٹ کے محسوس ہوئی ہیں تو بتائیے ،اسکو فیورٹزم نہیں کہا جا سکتا لیکن ثانیہ جس طرح کی اداکار ہیں ان کیلئے میں یہ الزام لینے کو تیار ہوں ان جیسی کوئی دوسری اداکارہ لا کر تو دکھائیے ۔جہاں تک صبا قمر کو سائن کرنے کی بات ہے تو صبا ایک تو سپر سٹار ہیں دوسرا اس نسل میں ان جیسی ہے کوئی اداکارہ تو بتائیے۔کملی کی شوٹنگ چکوا ل کے ایریا میں ہوئی ہے ،،کلر کہار کے قریب جو بیلٹ ہے اسکے ساتھ ساتھ کچھ حصہ لاہور میں شوٹ ہوا ہے۔میوزک کے حوالے سے سرمدنے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ اس شعبے کے بڑے اور محنتی لوگ فلم کا حصہ بنے ہیں ،ذوالفقارعلی کے دو گانے ہیں ،عزت مجید کے توسط سے ہمیں ریشماں کے ووکلز ملے ہیں ساد سلطان کی کمپوزیشنز ہیں ،گلوکاروں میں عاطف اسلم ،زیب بنگش ،ریشماں ،سہیل شہزاد ،آمنہ راہی ،زینب فاطمہ سلطان اور نمرہ گیلانی کے نام شامل ہیں یہ سب وہ لوگ ہیں جو اپنا کام دیانتداری سے کرتے ہیں ۔
’’صبا قمر ‘‘نے کہا کہ میری ہمیشہ سے ہی کوشش رہی ہے کہ کچھ الگ کروں کچھ ہٹ کر کروں ،عام زندگی میں دیکھیں تو محسوس کیا جا سکتا ہے کہ ایک طرح کا کھانا یا ایک طرح کا کام آپ کو بور کر دیتا ہے اسی طرح سے کردار بھی ہوتے ہیں ایک طرح کے کردار کریں تو کام کا مزہ نہیں آتا ۔میں نے فلم میں حنا کا کردار کیا ہے تو یہ ایک ایسا کردار ہے جو کم بولتا ہے اور آنکھوں کے زریعے اظہار زیادہ کرتا ہے جبکہ میں ذاتی زندگی میں بہت زیادہ چلبلی اور فل آف لائف اور انرجی ہوں ایسے میں حنا جیسا کردار کرنا کتنا بڑا چیلنج ہو سکتا ہے اسکو سمجھنا کچھ مشکل نہیں ہے ۔یہ تین ایسی عورتوں کی کہانی ہے جن کے جذبات اور خواہشات الگ الگ ہیں حنا کی جو خواہشیں ہیں ان سے نارمل زندگی کی خواتین خود کو کافی قریب پائیں گی، بہت سارے ایموشنز اور باتیں ان کہی ر ہ جاتی ہیں حالانکہ ان کو ڈسکس ہونا چاہیے ان کے بارے میں لوگوں کو آگاہی ہونی چاہیے ہم کیا کرتے ہیں کہ ایسے جذبات کو چھپا یا دبا دیتے ہیں۔ کملی ایسی فلم ہے جو پہلی بار عورت کے جذبات کو سامنے لا رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں صبا نے کہا کہ میں نے اور سرمد نے ایک ساتھ کیرئیر کی شروعات کی تھی پھر آگے چل کر ان کا ڈرامہ ہمسفر ہٹ ہوا اور میرا مات ،ان کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ ی بہت اچھاتجربہ رہا ہے، بہت ہی حساس ڈائریکٹر ہیں ۔کملی کا سفر کافی مشکل تھا ایسی جگہوں پر شوٹ ہوئے جہاں پہاڑوں اور پتھروں پر چل کرجانا پڑتا تھا لوکیشن پر جانا بہت مشکل ہوتا تھا ،اس کردار کیلئے میں نے جس طرح کے بال بنائے ہیں ایسے تو زندگی میںکبھی بنائے ہی نہیں اس کردار کے لئے میک اپ بھی کم تھا۔صبا نے کہا کہ میں مکمل طور ڈائریکٹر ایکٹر ہوں مجھے جیسے بولا جاتا ہے میں ویسے کرتی ہوں اس فلم میں چھ خوبصورت گانے ہیں ان گانوں میں زیادہ ڈانس نہیں ہے ایکشنز ہیں اور ان ایکشنز کو کرنے کیلئے بھی ہمیں پندرہ پندرہ دن ریہرسل کرنے میں لگ جاتے تھے اگرآپ دیکھیں تو تو آپ کو لگے گا کہ ان ایکشنز میں ایسی بات نہیں ہے کہ پندرہ دن لگ جائیں ۔صبا نے اس فلم کے سیٹ کے ایک واقعہ کو یاد کیا اور بتایا کہ ان کو سویمنگ نہیں آتی لیکن اس فلم کے لئے سیکھی تو سین کچھ یوں تھا کہ مجھے پانی کے اندر ایک منٹ کیلئے رہنا تھا اب میں پانی میں گری تو میرے گھٹنے پر ایک سریا لگ گیا اور میرے گھٹنے سے خون نکلنا شرو ع ہو گیا میں نے سریا پکڑ لیا خون نکلتا رہا تب تک جب تک کہ سین اوکے نہیں ہو گیا جب سین اوکے ہوا اور میں باہر نکلی تو میری حالت غیر ہو چکی تھی ۔صبا نے کہا کہ ثانیہ کے ساتھ کام کیا بہت اچھا لگا سیٹ پر ایسا لگا جیسے ہم دوست ہیں ۔
’’عمیر رانا ‘‘ نے کہا کہ ہمارے ہاں ایسا ہوتا ہے کہ انسان پڑھنے کیلئے ولایت چلا بھی جائے تو واپس اپنی زمینداری پر ہی آتا ہے، فلم میں شہری اور ولایتی دونوں طرح کی لائف دکھائی گئی ہے۔اس فلم کو کرنے کی سب بڑی وجہ کہانی ،پھر سرمد جیسا ڈائریکٹر اور کاسٹ ۔ثانیہ کے ساتھ تو میں نے پہلے کام کیا ہوا تھا لیکن صبا کے ساتھ کام پہلی بار کیا میں ان کے کام سے بہت متاثر تھا لیکن ایک ساتھ کام کرنے کے بعد اور بھی متاثر ہوا ہوں ۔اس کردار کو کرنے کیلئے میں نے سکرپٹ کو بار بار پڑھا سمجھا اور کہانی میں گھس گیا ۔عمیر نے کہا کہ اپنی مٹی کی خوشبو جہاں بھی ہو اچھی لگتی ہے آپ فلم دیکھیں گے تو یقینا ایسا ہی محسوس کریں گے ۔مجھے یہ کردار اسلئے بھی زیادہ پسند آیا کیونکہ میرے دوست اکثر مجھے کہتے ہیں کہ مجھ سے اچھا دیسی کوئی نہیں اور مجھ سے اچھا ولایتی کوئی نہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عنبرین فاطمہ سرمد کھوسٹ ،صبا قمر اور عمیر رانا کا انٹرویو کرتے ہوئے
فلم’’ کملی ‘‘ ان کہے جذبات کی کہانی
May 24, 2022