پاک فوج خطرات سے پوری طرح باخبر ہے.آرمی چیف

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس کی متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے کیلئے سیاسی مداخلت یا فوجی جارحیت سمیت کسی بھی کوشش کو بھرپور قومی عزم اور فوجی طاقت سے جواب دیاجائے گا ۔
آج(اتوار) کنٹرول لائن کے پونا سیکٹر پر فوجی جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیاء میں عدم استحکام پیداکرنے کی کوئی بھی کوشش سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے ۔جنرل باجوہ نے کہاکہ پاک فوج خطرات سے پوری طرح باخبر ہے اور قومی توقعات کے مطابق اپنے فرائض کی ادائیگی کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
انہوں نے امیدظاہر کی کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی آزادانہ نقل وحرکت یقینی بنانے کیلئے کردارادا کرے گی جیسا کہ فوجی مبصرین کو آزاد کشمیر میں پاکستان کی طرف سے نقل وحرکت کی پوری آزادی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری کو خصوصاً مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی مظالم اور غیرانسانی لاک ڈائون کے سنگین نتائج سے آگاہ کیاگیا ہے ۔
آرمی چیف نے کہاکہ بھارتی قابض فورسز کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ہرگز دبا نہیں سکتیں جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت رائے شماری کے منتظر ہیں انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد مصائب اور مشکلات کے باوجود آزادی سے ہمکنار ہوگی ۔