وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے رویت ہلال کمیٹی کی چاند دیکھنے کی کارروائی سے قبل ہی آج (اتوار 24 مئی کو) عیدالفطر منانے کا اعلان کر دیا۔ گزشتہ روز 29 رمضان المبارک کو عین دوپہر کے وقت وفاقی وزیر فواد چودھری کا عید کا چاند نظر آنے کے امکان اور عید ہونے کا اعلان رویت ہلال کمیٹی کو عملی طورپر ختم کرنے کے مترادف ہے جس سے چاند دیکھنے کا معاملہ مزید پیچیدہ ہو سکتا ہے‘ تاہم وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے یہ وضاحت کر دی ہے کہ عید کا اعلان رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔ پاکستان میں رویت کا مسئلہ ہمیشہ پیچیدہ رہا ہے‘ تاہم عیدالفطر کے موقع پر نہ صرف یہ مزید پیچیدہ ہوجاتا ہے بلکہ عیدیں منانے کے مختلف اعلان اور رویت پر اپنا اپنا مؤقف اسلامیان پاکستان کیلئے جگ ہنسائی کا سبب بنتا ہے۔ ایک نئی بحث چھڑ جاتی ہے کہ جو قوم ایک دن عید منانے پر متفق نہ ہو‘ اس کا باقی معاملات پر قومی اتفاق رائے کیسے ممکن ہے۔ بہرحال فواد چودھری کی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی‘ محکمہ موسمیات اور رویت ہلال کمیٹی مل کر اتفاق رائے اور حقائق کی روشنی میں فیصلہ کریں تو قوم کو کافی حد تک ذہنی تنائو سے نکالا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں جس کا جو کام ہے‘ اسے کرنے دیا جائے۔ عید کے چاند کے نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان رویت ہلال کمیٹی نے ہی کرنا ہوتا ہے جو وزارت مذہبی امور کے ماتحت ہے۔ اس کیلئے محکمہ موسمیات کی جانب سے پہلے ہی رویت ہلال کمیٹی کی معاونت کی جاتی ہے۔ اگر فواد چودھری کو رویت ہلال کمیٹی پر کوئی تحفظات ہیں تو وہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یہ معاملہ اٹھائیں اور کمیٹی کے مستقبل کا فیصلہ کرالیں۔ انکی تنہاء پرواز سے قومی اتفاق کے بجائے نفاق کی فضا ہی پروان چڑھے گی۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024