عوام پر ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ بڑھایا جا رہا ہے:لیاقت بلوچ
کراچی (نیوزرپورٹر)قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ، موجودہ حکمران کھلنڈروں اور غیر ذمہ داروں کا ٹولہ ہے ، یہ ٹولہ ملک کو بحران سے کبھی نہیں نکال سکتا ، کراچی میں سانحہ بلدیہ فیکٹری ہوا ، وکلاء کو زندہ جلایا گیا، قتل و غارت گری کا بازار گرم کیا گیا مگر آج تک اس کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا ، قومی معیشت تباہی سے دوچار ہے اور عوام پر ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ ڈالا جارہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ایل ایف کراچی کے تتحت یوم بدر کے موقع پر مقامی ہال میں دعوت ِافطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دعوت افطار میں این ایل ایف کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔دعوت ِافطارسے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی برجیس احمد ، این ایل ایف کراچی کے صدر عبد السلام اور جنرل سکریٹری قاسم جمال نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پرڈپٹی سکریٹری کراچی یونس بارائی ، راجہ عارف سلطان ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے ۔