پاکستان افغانستان اور جنوبی افریقہ سری لنکا آج مدمقابل
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے وارم اپ میچز کا سلسلہ(آج)جمعہ سے شروع ہو گا،پہلی بار وارم اپ میچز براہ راست نشر کئے جائیں گے،تمام ٹیمیں2،2وارم اپ میچز کھیلیں گی،پاکستان اپنا پہلا وارم اپ میچ 24مئی کو افغانستان جبکہ دوسرا وارم اپ میچ 26مئی کو بنگلہ دیش کیخلاف کارڈف میں کھیلے گا،وارم اپ میچز28مئی تک کھیلے جائیں گے اور ہر روز 2میچ ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے وارم اپ میچز کا مرحلہ 24مئی سے شروع ہوگا اور 5روز جاری رہنے کے بعد 28مئی کو اختتام پذیر ہوگا اس کے بعد ورلڈ کپ 2019 کا باضابطہ آغاز 30مئی سے ہوگا۔ 24سے 28مئی تک وارم اپ مرحلے میں ہر روز دو، دو میچز کھیلے جائینگے۔24مئی کو پہلا وارم اپ میچ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان برسٹل میں کھیلا جائے گا اسی روز دوسرا وارم اپ میچ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کارڈف میں کھیلا جائیگا۔ اسی طرح 25مئی کو بھی دو وارم اپ میچز کھیلے جائینگے، پہلا میچ میزبان انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان سائوتھمپٹن میں کھیلا جائے جبکہ اسی روز کا دوسرا وارم اپ میچ بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان لندن میں کھیلا جائے گا۔26مئی کو کھیلے جانے والے پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی اور یہ میچ کارڈف میں کھیلا جائے گا۔ اسی روز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں برسٹل میں مدمقابل ہونگی۔ 27مئی کو پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی جبکہ اسی روز دوسرے وارم اپ میچ میں انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں پنجہ آزما ہونگی۔وارم اپ مرحلے کے آخری روز 28 مئی کو پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کا مقابلہ بھارت سے ہوگا جبکہ اسی روز کا دوسرا اور وارم اپ مرحلے کا آخری میچ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان برسٹل میں کھیلا جائے گا۔ دوسری جانب ورلڈ کپ سے قبل کھیلنے جانے والے تمام 10 وارم اپ میچز پہلی بار براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ناظرین کو اسٹیٹ آف آرٹ کوریج سے لطف اندوز کرنے کیلیے ہر میچ میں 32 کیمرے استعمال ہوں گے،ان میں 8 الٹرا موشن ہاک آئی کیمرے، فرنٹ اینڈ ریورس ویو اسٹمپ کیمرے اور اسپائیڈر کیم بھی شامل ہیں جبکہ پہلی بار ورلڈ کپ میں 360ڈگری ری پلیز پیش کیے جائیں گے۔تمام وینیوز میں دوران میچ جہاں پر ڈرون کیمروں سے فضائی مناظر پیش کیے جائیں گے وہیں پر بگی کیم کے دریعے گرانڈ لیول مناظر بھی ناظرین کو دکھائے جائینگے۔