انوو ٹیک پانچواں پی او ایف سپورٹس بورڈ کرکٹ ٹورنامنٹ لالہ رخ مائٹی نے جیت لیا
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)انوو ٹیکپ پانچواں پی او ایف سپورٹس بورڈ فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ لالہ رخ مائٹی نے جیت لیا۔چیئرمین پی او ایف بورڈ لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، ہلال امتیاز (ملٹری) کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پی او ایف سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ اس ٹورنامنٹ کے فائنل پر عبد العزیز شیخ ڈی آئی سی آر و ممبر پی او ایف بورڈ مہمان خصوصی تھے جنہوں نے فاتح ٹیم اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی اور موٹر سائیکل جبکہ رنر اپ ٹیم بیسٹ ماسٹر کو ٹرافی اور ایل ای ڈی نعام میں دی گئیں۔ ٹورنامنٹ کے بہترین بالر کا اعزاز رانا فصیح اللہ (پی او ایف)، بہترین بیٹسمین کا اعزاز ناصر (مالاکنڈ سٹارز)، بہترین آل رائونڈر نعمان (واہ رائیڈرز) جبکہ فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز راجہ وقاص کاشی (لالہ رخ مائٹی ) نے حاصل کیا۔ ٹورنامنٹ کے سپانسرانوو ٹیک کی جانب سے فاتح ٹیموں اور کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ اختتامی تقریب کے موقع پر صدر پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ محمد جاوید اختر، وائس پریذیڈنٹ پی او ایف سپورٹس بورڈ شہریار، سیکرٹری پی او ایف سپورٹس بورڈ اسد درانی ، پی او ایف آفیسرز اور شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ناک آئوٹ سسٹم کے تحت کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ کا فائنل میچ بیسٹ ماسٹر کرکٹ کلب اور لالہ رخ مائٹی کرکٹ کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ بیسٹ ماسٹر کرکٹ کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے 8اوورز میں 78رنز سکور کیے جس کے جواب میں لالہ رخ مائٹی نے ہدف 8ویں اوور کی دوسری بال پر مکمل کر کے ٹورنامنٹ کا چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔