نیشنل بینک بڑی کرنسیوں کی قیمت وی بوک پر جاری کریگا
کراچی (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے درآمد کنندگان کی سہولت اور درآمدی مال کی قیمتوں کے تعین میں شفافیت لانے کی غرض سے بڑی کرنسیوں کے ریٹس نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کے ٹریژری اینڈ کیپیٹل مارکٹس گروپ کے ذریعے کسٹمز کے خود کار نظام ’’وی بوک‘‘ پر یومیہ بنیاد پر براہ راست جاری کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی عالمی تجارت کی ادائیگیوں کے تصفیے دیگرممالک کی طرح عالمی کرنسیوں میں کئے جاتے ہیں اور پھران کرنسیوں کی پاکستانی روپے میں شرح مبادلہ کے حساب سے درآمدہ مال کی مالیت کاتخمینہ لگایاجاتاہے کرنسیوں کے ریٹس نیشنل بینک کے ٹریژری کے ذریعہ حاصل کئے جاتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ موجودہ طریقہ کار یہ ہے کہ پاکستان کسٹمز بڑی کرنسیوں کے ریٹس یومیہ بنیاد پر نیشنل بینک سے مینویل یانیشنل بینک کی ویب سائٹ سے ڈائون لوڈ کرکے حاصل کرتاہے۔ جس کے بعد ریٹس مینویل طریقے سے وی بوک سسٹم پرڈال کردرآمدہ مال کی مالیت اور واجب الادا ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کاتعین کرتاہے مگر اب ایف بی آر نے اس آپریشن کوفرید فعال بنانے کے لئے نیشنل بینک کے سسٹم سے الیکٹرونک خودکار لنک کے ذریعہ وی بوک منسلک کرنے کافیصلہ کیاہے تاکہ بڑی کرنسیوں کے ریٹس وی بوک پربراہ راست اپ لوڈ کئے جاسکیں۔ ایف بی آر نے اس ضمن میں ڈائریکٹر (ریفارمز اینڈ آٹومیشن) کراچی کومطلوبہ ماڈیول تشکیل دینے کے سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔