بورے والا،نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے درزی کو قتل کر دیا
بورے والا(نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت) نامعلوم افراد کی فائرنگ سے درزی قتل،ملزمان فرارہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نواحی آبادی گئو شالہ کا رہائشی درزی اویس ریاض گزشتہ نصف شب کے قریب اسی آبادی میں برلب نہر واقع اپنی دوکان پر بیٹھا عید کے رش کے باعث کپڑوں کی سلائی میں مصروف تھا کہ اچانک نامعلوم افراد نے اسکی دوکان میں آ کر اسے فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے ۔ ریسکیو1122 نے مقتول کی نعش کو ہسپتال منتقل کر دیا پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی تاحال قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی ہے تاہم پولیس کرائم سین کی ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں ادھر ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹائون گل محمد کے مطابق بظاہر یہ اندھا قتل ہے جسکا سراغ لگانے کے لئے مقتول کے ایک محلے دار جسکا اس سے جھگڑا ہوا تھا اسے اور مقتول کے شاگرد کو پوچھ گچھ کیلئے تحویل میں لیا ہے۔