اسکولوں میں فرنیچر کی خریداری کیلئے 8ارب روپے مختص 11لاکھ طلبہ و طالبات کو فائدہ ہوگا
کراچی ( نیوز رپورٹر) محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کے فرنیچر کی خریداری کیلئے نئے مالی سال کے بجٹ میں 8ارب روپے مختص کئے ہیں جس کے نتیجے میں مزید11لاکھ طلبہ و طالبات کو اسکولوں میں بیٹھنے کیلئے ڈیسک دستیاب ہوجائیں گی محکمہ تعلیم نے اس ضمن میں ایک کمیٹی بھی قائم کی ہے جو فرنیچر خریدنے کی بولی سے لیکر اسکولوں میںفرنیچر کی فراہمی تک جانچ پڑتال کو یقینی بنائے گی ۔محکمہ اسکول ایجوکیشن کے سیکریٹری قاضی شاہد پرویز نے بتایا کہ اس وقت صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں22لاکھ بچوں کو بیٹھنے کیلئے ڈیسک دستیاب ہیں اورنئے ڈیسکوں کی خریداری سے 11لاکھ بچوں کو بھی ڈیسک پر بیٹھنے کی سہولت حاصل ہو جائے گی اس وقت سرکاری اسکولوں میں حاضری کی تعداد35لاکھ کے قریب ہے آئندہ برس اگرڈیڑھ ارب روپے بجٹ میں مزید مختص کر دیئے گئے تو صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں میں ڈیسکیں دستیاب ہو جائیں گی ۔