بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت دے، بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کیلئے ویزوں کا اجرا معطل نہیں کی: ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+آئی این پی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 27 مئی کو سعودی عرب کے دورے پر جا رہے ہیں ۔ پاکستان ایران اور سعودی عرب سمیت تمام ممالک کے باہمی مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کو ویزوں کا اجرا معطل نہیں کیا۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی افواج نے رواں ہفتے 14 کشمیریوں کو شہید کیا۔ پاکستان کو سینئر حریت راہنمائوں کو زیر حراست رکھنے پر تشویش ہے۔ بھارت کالے قوانین کے ذریعے بنیادی انسانی حقوق کو پامال کر رہا ہے۔ ہزاروں کشمیریوں نوجوانوں رہنمائوں کو جیلوں میں رکھا گیا ہے۔ بھارت عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنا بند کرے۔ بھارت زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔ مقبوضہ کشمیر میں لاپتہ افراد کے حوالے سے رپورٹ نے بھی بھارت مظالم کا چہرہ بے نقاب کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کشمیر میں ٹارچرز کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر کی عالمی حیثیت کو ختم نہیں کر سکتا۔ کشمیر کی حیثیت میں تبدیلی نہیں آ سکتی جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے کوئی فیصلہ نہ ہو جائے۔ پاکستان حوثی باغیوں کی جانب سے مکہ پر بیلسٹک میزائل حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ پاکستان بھارت وزرائے خارجہ ملاقات پر ترجمان نے تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ اس معاملے پر خود تفصیلات بتائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ شام ایران کے وزیر خارجہ پاکستان آ رہے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ کی آج (جمعہ) کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہو گی۔ ملاقات میں دوطرفہ معاملات، خطے کی صورتحال زیر بحث آئے گی۔ انہوں نے کہا وزیر خارجہ 27 مئی کو سعودی عرب کے دورے پر جا رہے ہیں۔ پاکستان ایران اور سعودی عرب سمیت تمام ممالک کے باہمی مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ بھارت زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دے۔ بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کو وزیروں ک ا اجرا معطل نہیں کیا۔ پاکستان اس معاملے پر بنگلہ دیشی حکام سے رابطے میں ہے۔ پاکستان بنگہ دیش کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معاہدوں پر ہر صورت میں عمل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا بھارتی انتخابات کے حتمی نتائج کے بعد تبصرہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جاپان میں ہنر مند ورکروں کو بھیجنے کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے اور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ایران اور امریکہ کی ببڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے۔ معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہئے۔ مذاکرات کے حوالے سے جو بھی طریقہ اپنایا جائے گا۔ پاکستان اس کی حمایت کرے گا۔