آج 25‘ 30 ہزار کمانے والا گھر نہیں چلا سکتا: رانا ثناء اللہ
لاہور ( آن لائن )مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آج 25 سے 30ہزار کمانے والا گھر نہیں چلا سکتا،وہ بجلی اور گیس کا بل نہیں بھر سکتا۔لاہور کی کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ملک کو ناقابل تسخیر بنانے والے نواز شریف پابند سلاسل ہیں۔رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ قوم کے سوچنے کی بات ہے جنہوں نے ملک و قوم کی خدمت کی انہیں ناکردہ گناہوں کی سزا دی گئی۔انہوں نے کہا کہ جس مشکل صورت حال سے ہم دو چار ہیں یہ وہی عوامل ہیں جو باربار دہرائے جاتے ہیں، عام آدمی آج دو وقت کی روٹی نہیں کھا سکتا۔رانا ثناء کا مزیدکہنا ہے کہ نااہل اور نالائق ٹولہ ملک پر مسلط ہو گیا ہے یا کر دیا گیا ہے۔