کرغیزستان میں وزیر خارجہ شاہ محمود کی سشما سے غیر رسمی ملاقات۔ بھارتی رویئے میں تبدیلی کی امید کا اظہار۔ آپ کبھی کبھارا کڑوا بولتے ہیں اسلئے مٹھائی لائی ہوں۔ بہتری کی توقع رکھنی چاہیے۔ سشما سوراج 86 روز بعد پاکستان کی فضائی حدود بھارت کے لئے کھول دی گئی۔
کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے درمیان مختصر غیر رسمی ملاقات میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے تعلقات بہتر بنانے کے لئے مثبت روئیے اپنانے پر زور دیا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔ مگر جواب میں بھارت کی طرف سے ہمیشہ منفی ردعمل سامنے آیا۔ اب بھارتی الیکشن میں موجودہ حکمرانوں کے دوبارہ برسر اقتدار میں آنے سے امید ہے کہ بھارت تعلقات بہتر بنانے کے اپنے دعوے پر عمل کی کوشش کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان بھی اسی توقع کا اظہار کر چکے ہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک میں باہمی تنازعات موجود ہیں مگر وہ مذاکرات اور بات چیت سے ان مسائل کا پر امن نکالتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر سمیت جو بھی سیاسی اختلافات ہیں ان کا حل بھی بات چیت سے نکل سکتا ہے۔ بات صرف بھارت کی طرف سے اخلاص کے ساتھ اس عمل میں شرکت کی ہے۔ اگر بھارت پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے میں مخلص ہے تو اسے خلوص کے ساتھ بات چیت کے عمل کو آگے بڑھانا ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان کا یہ اعلان کہ بھارت ایک قدم آگئے بڑھائے ہم دو قدم آگے آئیں گے‘ اسی اعتماد اور خلوص کا اظہار ہے۔ اب بھارت بھی اسی کا مظاہرہ کرے۔ گذشتہ روز پاکستان نے 86 روز بعد اپنی فضائی حدود بھارت کے لئے کھول دی ہے جو اس کے بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کی بحالی کے عزم کا اظہار ہے۔ امید ہے بھارت کی نئی حکومت بھی اسی طرح پاکستان کے ساتھ تعلقات کی بحالی میں اخلاص کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیر سمیت تمام مسائل بات چیت سے حل کرنے پر آمادہ ہو گی۔ جس سے برصغیر میں ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع ہو سکتا ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024