وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں ریلوے سٹیشن کے نزدیک تعمیر ہونے والی پناہ گاہ کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج ہم پناہ گاہ کا افتتاح کر کے عمران خان کے ویژن کے مطابق نادار لوگوں کیلئے قیام و طعام کے ایک اور وعدے کی تکمیل کی جانب قدم بڑھا رہے ہیں۔دریں اثناء عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ خدوخال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے نئے مالی سال کا بجٹ عوام کی امنگوں کا ترجمان ہو گا او ربجٹ میں نئے پاکستان کی حقیقی جھلک نظر آئے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے گلیوں‘ بازاروں اور پارکوں میں کھلے آسمان تلے سونے پرمجبور افراد کے لئے پناہ گاہ کا تصور پیش کیا۔ جس پر عمل جاری ہے۔ماضی میں حکومتی سطح پر اس نوعیت کے منفرد ادارے کے قیام کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ایک رپورٹ کے مطابق 5 ماہ کی قلیل مدت میں داتا دربار‘ فروٹ مارکیٹ‘ ریلوے سٹیشن‘ لاری اڈا اور ٹھوکر نیاز بیگ میں قائم عارضی پناہ گاہوں میں 30 ہزار سے زائد افراد نے قیام کیا اور تقریباً ایک لاکھ مسافروں کو ناشتہ اور شام کا کھانا دیا گیا۔ لاہور کے 6 بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین کیلئے بھی پناہ گاہیں تکمیل کے مراحل میں ہیں۔تحریک انصاف کو اقتدار میں آنے پر کمزور معیشت ورثے میں ملی عوام کو ریلیف دینے کے لیے معیشت کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ معاشی عدم استحکام کے باعث حکومت کو کچھ سخت فیصلے کرنا پڑے جس سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا اب صورت حال میں بہتری آ رہی ہے۔ چند دنوں میں بجٹ پیش ہونے والے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے امید بندھائی ہے کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ حکومت نے اپنے اخراجات پر کافی کٹ لگائے ہیں،کرپٹ عناصر سے ریکوریاں بھی اطمینان بخش ہیں جو بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے بجا طور پر استعمال ہو سکتی ہیں۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024