ایم کیوایم نے تاحال نئے صوبے کا مطالبہ نہیں کیا :خواجہ اظہار الحسن
سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ ایم کیوایم نے تاحال نئے صوبے کا مطالبہ نہیں کیا یہ آواز کارکنان اور عوام کی ہے ۔وہ جمعرات کو سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ حکومتی اراکین کی بہت ضبط اور تحمل سے تقاریر سنی ،وزیراعلی سندھ کا منصب زمہ دارانہ ہے وہ لعنت دینے کے بجائے تنقید کا جواب دیں ۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر ایوان میں کھانسی اور چیخنے کی آوازیں حذف کروادیتے ہیں لیکن لعنت بھیجنے جیسے الفاظ حدف نہیں کئے گئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم نے تاحال صوبے کا مطالبہ نہیں کیا ،الگ صوبے کی آواز ورکرز اور کارکنان کی ہے، انتظامی حکومت بہتر کرو ہم سندھ کی تقسیم نہیں انتظامی یونٹ بنانا چاہتے ہیں، کراچی سے پیسہ ملتا ہے کراچی اگر ریونیو نہ دیتا تو یہ واویلا نہیں کرتے ۔حکمران سندھ کی تڑپتی ماں کو دیکھیں ،عام سندھ غریب سے غریب تر اور وزیر امیر ہورہے ہیں ۔خواجہ اظہار نے کہا کہ ضیاالحق مشرف پر تنقید کرنے والے اس سے زیادہ فرعون ہیں۔