میرے خلاف سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے والے ناکام ہونگے، نیب نے بھی اس ویڈیو سے متعلق تردید جاری کردی ہے : اسپیکر سندھ اسمبلی
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ میرے خلاف سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے والے ناکام ہونگے ,سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کو مجھ سے منسوب کرنا سراسر غلط اور بے بنیاد ہے, پروپگنڈہ کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتا ہوں .جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر آغا سراج درانی نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تیس برس سے میرا میڈیا ٹرائل ہورہا ہے ,میرے اور میرے خاندان کے بارے میں سب جانتے ہیں, بغیر تحقیق کے میرے خلاف نیب سے منسوب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل کی گئی جس میں بڑی مقدار میں پکڑا گیا سونا دکھایا گیا ہے جو کسی عرب ملک کی ویڈیو ہے اسے مجھ سے منسوب کرنا زیادتی ہے تاہم میں میڈیا کا شکر گزار ہوں کہ جس نے اس ویڈیو کو نشر نہیں کیا اور مجھ سے میرا موقف جانا۔ انہوں نے کہا کہ میرے گھر سے کوئی سونا برآمد نہیں ہوا متعلقہ اداروں کو تحقیقات کرنا چاہئے کہ کس نے یہ ویڈیو مجھ سے منسوب کرکے وائرل کی ہے .انہوں نے اس کی مزمت کی اور تمام ارکان کا بھی شکریہ ادا کیا. اسپیکر کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر تمام جماعتوں کے ارکان آواز اُٹھانی چاہئے ,ایسی حرکتوں سے میری عزت میں کمی نہیں آئیگی, میں میڈیا اور ارکان کا شکر گزار ہوں, ایسے عناصر کو سب کو مل کر بے نقاب کرنا ہوگا .انہوں نے کہا کہ تھرڈ گریڈ لوگ اس طرح کی اوچھی حرکتیں کررہے ہیں, مجھ پر اس طرح کے الزامات ماضی میں بھی لگے ہیں جو غلط ثابت ہوئے .انہوں نے کہا کہ نیب نے بھی اس ویڈیو سے متعلق تردید جاری کردی ہے.