فیسٹول قابل علاج مرض‘ نشتر میں جدید سہولیات دستیاب ہیں: ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود
ملتان (وقائع نگار) نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود نے کہا ہے کہ فیسٹولا(Fistula) قابل علاج مرض ہے۔ نشتر ہسپتال میں اس کے علاج کی جدید سہولیات دستیاب ہیں وہ ورلڈ فیسٹولا ڈے‘‘ منعقدہ سیمپوزیم سے خطاب کر رہے تھے۔ وائس چانسلر نے کہاکہ زچگی کے دوران ماں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے کئی خرابیوں کا امکان ہوتا ہے۔ ان میں سے ایک خرابی فیسٹولا کہلاتی ہے شعبہ یورالوجی کے سربراہ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار نے کہا کہ فیسٹولا کا شکار عموماً غریب خواتین ہوتی ہیں جو مستند ڈاکٹر سے چیک اپ اور زچگی نہیں کرواتی ہیں۔ ساری دنیا میں فیسٹولا کے لاکھوں مریض ہیں جن کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔ پروفیسر آف گائنی ڈاکٹر شاہد راؤ نے کہا کہ زچگی کا دورانیہ زیادہ ہونے پر فیسٹولا جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ مسلسل پیشاب یا پاخانہ بہنے سے عورت شدید جسمانی‘ نفسیاتی مسائل کا شکار ہو جاتی ہے۔ یورالوجسٹ ڈاکٹر شیخ عمران نے کہا کہ نشتر ہسپتال میں ریجنل فیسٹول سنٹر میں خواتین کو تمام طبی سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔