ملک کی نظریاتی اساس بچانے کیلئے میدان میں نکلے ہیں:سیف اللہ خالد
لاہور (خصوصی نامہ نگار)ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی نظریاتی اساس بچانے کیلئے میدان میں نکلے ہیں۔ حکمرانوں کی کمزور پالیسیوں کے سبب پاکستان شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ملک سے فرقہ واریت ، پارٹی بازی، لسانیت اور صوبائیت پرستی ختم کر کے قوم کو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد کرنے کی ضرورت ہے۔ اسی سے پاکستان مضبوط و مستحکم ہو گا۔ بیرونی قوتیں نظام تعلیم کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ بیرونی دبائو پر نصاب تعلیم میں تبدیلیاں کی گئیں۔ نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان سے بیگانہ کیا جارہا ہے۔ ہمیں متحد ہو کر دشمن قوتوں کی سازشیں ناکام بنانا ہے۔ جن لوگوں کو عوام ووٹ دیکر اسمبلیوں میں بھیجتے ہیں وہ بیرون ملکوں اور مغربی این جی اوز سے تنخواہیں لے کر اپنے ہی ملک کے خلاف سازشیں شروع کر دیتے ہیں۔ اس وقت پاکستان میں سرکاری سرپرستی میں فحاشی و عریانی پروان چڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔