ایم ایم اے کے قائدین کا اجلاس، ملک بھر میں جلسے کرنے کا اعلان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) متحدہ مجلس عمل پاکستان کے مرکزی قائدین کا مرکزاہل حدیث 106 راوی روڈ پر اجلاس ہوا۔ جس کی صدارت ایم ایم اے کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کی۔جس میں ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، رانا شفیق خاں پسروری، مولانا امجد خاں ، علامہ عارف حسین واحدی،مولانا محمد خاں لغاری نے شر کت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم ایم اے عید کے بعد ملک بھر میں جلسے کرے گی۔ مولانا فضل الرحمن 4 جون کو ایم ایم اے کا منشور پیش کریں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل عوام کے لیے امید نو بنے گی۔ ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے نظام مصطفی کا نفاز کریں گے۔سیکولر قوتوں کو شکست دیں گے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ ملک میں قرآن وسنت کی بالادستی ہماری اولین ترجیح ہے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ ملک دو لخت کرنے والے سیاہ و سفید کے مالکوں کو آئندہ الیکشن میں مذہبی ووٹ کے اتحاد سے شکست دی جائے گی، آئینی اور قانونی راہ پر چل کر سود والے معاشی نظام کو ختم کیا جائے گا۔ الیکشن میں مذہبی ووٹ تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔